شہ سرخیاں
Home / پاکستان / اگر امریکہ نے غلطی کی تو افغانستان اور پاکستان امریکہ کا قبرستان ثابت ہوگا ۔ مشتاق احمد خان امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخواہ

اگر امریکہ نے غلطی کی تو افغانستان اور پاکستان امریکہ کا قبرستان ثابت ہوگا ۔ مشتاق احمد خان امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخواہ

چترال ( نمائندہ چترال آفیئرز) امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے ۔ کہ امریکی امداد غلامی کی زنجیریں اور ہتھکڑیاں ہیں ۔ ہمارے حکمران اب بھی جراٗت کا مظاہرہ کرکے اُس سے ہاتھ کھینچ لیں ۔ اگر امریکہ نے غلطی کی تو افغانستان اور پاکستان امریکہ کا قبرستان ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دورے کے دوران گورنر کاٹیج چترال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی چترال مولانا جمشید احمد ، ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ اور جماعت کے دیگر اراکین موجود تھے ۔ مشتاق احمد خان نے کہا ۔ کہ ہم ٹرمپ کی دھمکی کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ اور موجودہ وقت میں یہ دھمکی کرپشن کا ضمیمہ ہے ۔ ہم نے شروع ہی سے پاکستان کی افغان جنگ میں فرنٹ لائن کردار کی مخالفت کی تھی ۔لیکن ہماری نہیں سنی گئی ۔ آج اس جنگ میں 73ہزار افراد شہید ہوئے اور 118ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔ اس کے باوجود پاکستان کی خدمات امریکہ کو قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا ایشو کرپشن ہے ۔ روزانہ آٹھ ارب روپے قرضہ لیا جاتا ہے ۔ جبکہ کرپشن 12ارب روپے روزانہ ہے ۔ جس کی وجہ سے پاکستان غربت کے دلدل میں پھنسا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان میں پانچ بڑی بیماریوں کا علاج نہیں ہو رہا ، 40فیصد افراد چھت سے محروم ہیں اور 62فیصد لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ جب تک کرپشن کا علاج نہیں ہو گا ۔ پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ کرپشن نے ہماری سالمیت اور بقا کو بھی داؤ پر لگا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پاکستان کے تین کروڑ خاندانوں کی 21کروڑ آبادی کو صرف ایک ہزار اشرفیہ خاندانوں نے کرپشن کرکے یرغمال بنا رکھا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا نے کہا ۔ ہماری تحریک کے نتیجے میں وزیر اعظم نا اہل ہوئے ۔ یہ اختتام نہیں نقطہء آغاز ہے ۔ سٹیٹ بینک کے پاس قرضے معاف کرنے والے اشرافیہ کا ریکارڈ موجود ہے ۔ اب اُن کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا ۔ آج پاکستان میں احتساب سب کا نعرہ بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جماعت اسلامی پاکستان زندہ باد اور امریکہ مردہ باد کے نام پر دس لاکھ جوانوں سے حلف لے رہا ہے ۔ جو پاک فوج کے شانہ بشانہ امریکہ کے خلاف لڑیں گے ۔ مشتاق احمد نے کہا ۔ کہ سی پیک بہت بڑا منصوبہ ہے ۔ اسکی اہمیت اس بات سے واضح ہے ۔ کہ چائنا اس منصوبے 60ارب ڈالر خرچ کر رہا ہے ۔ یہ پاکستان کیلئے لائف لائن کی حیثیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ سی پیک کا لنک روٹ شندور کے راستے چترال سے گذاری جائے ۔ اور حکمرانوں کو چاہیے ۔ کہ سی پیک جیسے اہمیت کے حامل منصوبے کو متنازعہ نہ بنائیں ۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ۔ کہ جماعت اسلامی ایک جمہوری پارٹی ہے ۔ اس لئے پارٹی کے اندر اختلاف اس کا حسن ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جماعت اسلامی صوبے میں کلین سویپ کرے گی ۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا ۔ کہ جماعت اسلامی بینک آف خیبر کے قضیے کی وجہ سے حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم مدارس کی رجسٹریشن کے مخالف نہیں ہیں ۔ لیکن اس حوالے سے علماء کو آن بورڈ لینے کی ضرورت ہے ۔

Facebook Comments

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے