شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کی کابینہ اور سنیئر ممبران کا اجلاس

انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کی کابینہ اور سنیئر ممبران کا اجلاس

چترال (محکم الدین ) انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کی کابینہ اور سنیئر ممبران کا ایک اجلاس حافظ خوشولی خان صدر انجمن کے دولت خانے پر اُن کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایون میں ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔ اور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا گیا ۔ کہ گذشتہ مہینے حلقہ ایون کی طرف سے کل چترال محفل مشاعرہ انتہائی کامیاب رہا ۔ اور ضلع بھر سے نامور شعراء کرام نے اس میں شرکت کی ۔ جس سے ایون کے نوجوان شعراء کو سنیئر شعراء سے تبادلہ خیال کرنے اور شعرو ادب کے حوالے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ اجلاس میں کہا گیا ۔ کہ ایون کے تمام شعراء میں باہمی اتفاق و اتحاد کاگہرا اور لازوال رشتہ موجود ہے ۔ اور ادب کے اس گلستان میں ہر پھول کا اپنا الگ رنگ اور مقام ہے ، جس کی قدر کرتے ہیں ۔ تاہم انجمن کے استحکام ، فروغ کیلئے انجمن کے قوا عد و ضوابط پر کاربند رہنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مختلف تنظیمات میں تقسیم ہونے کی بجائے ایک ہی ادبی تنظیم کو فعال بنانے سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ صدر انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون حافظ خوشولی خان نے کہا ۔ کہ اسلام میں اچھی رہنمائی کے حامل شعراء کا بہت مقام ہے ۔ اور شعر گوئی ایسا فن ہے ۔ جس کے ذریعے دو مصرعہ میں وہ باتیں کی جاسکتی ہیں ، جو بات ایک صفحے کی تحریر سے سمجھائی نہیں جا سکتیں ۔ فروغ اسلام میں شعر گوئی نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ اور شعراء کا منفرد مقام ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شعرو ادب میں اصلاح بنیادی اہمیت کی حامل ہے ۔ اپنے شعروں کی اصلاح کیلئے جو سنیئر شعراء کی مدد حاصل کرتے ہیں ۔ وہ بہت جلد شعروادب کی بلندیوں تک پہنچ جاتے ہیں ۔ اس لئے یہ ضروری ہے ۔ کہ شعروں کی اصلاح کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ خصوصا مشاعرے کے بڑے محافل کیلئے قبل از وقت اس اصلاح کیلئے کلام حلقہ کے ذمہ داروں تک پہنچانا بہت ضروری ہے ۔ تاکہ اُن کو سٹیج پر موقع دیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ انجمن کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داری اُنہیں دی گئی ہے ۔ اس لئے تمام شعراء اُن کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ اجلاس میں شعراء سے انجمن کے ماہوار چندہ کو بلا تاخیر جمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ انہوں نے نوجوان شعراء سے ا پیل کی ۔کہ اپنے نام انجمن ترقی کہوار حلقہ ایون کے ساتھ رجسٹرڈ کریں ۔ اجلاس میں اردو شاعری کی طرف بھی توجہ دینے ، تنقیدی نشست کے انعقاد ، طر حی مشاعرے کی بجائے موضوع پر مشاعرے کو رواج دینے کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد مختصر محفل مشاعرہ ہوا ۔ جس میں حافظ خوشولی خان ولیؔ ، خالد ظفر ظفرؔ نے نعت شریف ، جبکہ سنئیر شاعر عنایت اللہ اسیرؔ نے اپنے کلام پیش کئے ۔ اجلاس میں محمد اسرار گل داودیؔ ، ذکریا عمر ذاکرؔ ، مظفرالدین مظفرؔ ،مولانا شیر زمان،آفتاب عثمان و فنانس سیکرٹری موجود تھے ۔

Facebook Comments