شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / یوم پاکستان کے سلسلے میں چترال میں سب سے بڑی تقریب چترال سکاوٹس کے گراونڈ میں منعقد

یوم پاکستان کے سلسلے میں چترال میں سب سے بڑی تقریب چترال سکاوٹس کے گراونڈ میں منعقد

چترال ( نمائندہ چترال آفیئرز) یوم پاکستان کے سلسلے میں چترال میں سب سے بڑی تقریب چترال سکاوٹس کے گراونڈ میں منعقدہوئی۔

جس کا انتظام چترال سکاوٹس اور سول انتظامیہ نے مشترکہ طور پر کیا تھا ور جس میں مقامی سکول اور کالجوں سے بچوں اور بچیوں نے تقاریر،خاکوں اور ملی نغموں کے ذریعے اس دن کی اہمیت اُجاگر کی اور پیراگلائیڈنگ ، پولو اور جمناسٹک شو بھی پیش کئے گئے جبکہ تقریب میں سول سوسائٹی کے افراد اور معززیں شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ چترال سے قومی اسمبلی کے رکن شہزادہ افتخارالدین، ضلع ناظم مغفرت شاہ، ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر، ڈی پی او چترال منصور امان اور ایم پی اے سلیم خان نے تقریب میں رکت کی اور دن کی مناسبت سے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔ اس سے قبل گہتک سے چھاونی گراونڈ تک نوجوانوں کے د درمیاں میراتھن ریس ہوا اور اُسامہ شہید پارک میں قومی پرچم لہرایا گیا اور مختلف سکولوں اور کالجوں سے بچے اور بچیاں قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے گراونڈ پہنچ گئے۔

اس دن کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ایم این اے شہزادہ افتخارالدین نے قوموں کی زندگی میں آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور رصغیر پاک وہند میں مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ بیان کی اور کہاکہ قرارداد پاکستان نے مسلمانوں کی منزل کو واضح اورمتعین کیا۔ انہوں نے چترال میں حال ہی میں میگاپراجیکٹوں کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ لواری ٹنل اور گولین گول بجلی گھر کی تکمیل سے چترال میں اس حوالے سے سیاست کرنے کا باب ختم ہوگیا۔ انہوں نے طلباوطالبات کو اپنی تعلیم پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ ترقی تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔

ایم پی اے سلیم خان نے کہاکہ ہم اپنے ملک پر نثار ہونے کے لئے ہمہ تن تیار ہیں کیونکہ ہماری بقا اور تحفظ ہی اس ملک کے ساتھ وابستہ ہے۔ ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ 23مارچ ہرسال تجدید عہد کادن ہے اور ہمیں دعوت فکر دیتی ہے کہ 78سال پہلے ہمارے آباواجداد نے لاہور کے مقام پر مسلمانوں کے لئے ایک الگ مملکت کا باضابطہ مطالبہ کردیا تھا اور آج ہمیں چاہئے کہ ہم یہ جائزہ لیں جس تصویر کا خاکہ انہوں نے بنایا تھاہم اس میں کتنا بھر سکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ریاست مدینہ کی طرح کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والی مملکت ہے جہاں ہم اسلامی نظام کو اس کے اصل حالت میں نافذ کرکے دنیاکو سبق دے سکتے ہیں۔ چترال ٹاسک فورس اور چترال سکاوٹس کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے ہاکہ 23مارچ 1940ء کو برصغیر کے مسلمانوں نے جو خواب دیکھا تھا، وہ 14اگست 1947ء کو شرمندہ تعبیر ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کرلیں کہ آزادی کے چراغ کو روشن رکھنے کے لئے ہمیں جو بھی کردار اداکرنا پڑے ، اس کردار کو جذبے اور خوش اسلوبی سے نبھائیں۔

انہوں نے کہاکہ اس چمن کی ابیاری میں چترال کا بھی بھر پور کردار رہا ہے جوکہ اپنی منفرد ثقافت ، عرافیائی پوزیشن کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے اور پاک فوج ، ضلعی انتظامیہ اور دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر اس کی ترقی اور حفاظت میں مصروف عمل ہے۔ کرنل معین الدین نے کہاکہ اللہ کے فضل وکرم سے آج ہم وطن عزیز کو درپیش ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں جس کے لئے پوری قوم اپنے مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔

Facebook Comments