شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / ناظم مجیب الرحمن اور عمائدین علاقہ کا ایون بمبوریت روڈ کے ٹینڈر طلب کرنے پر وفاقی حکومت اور ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کا شکریہ ادا

ناظم مجیب الرحمن اور عمائدین علاقہ کا ایون بمبوریت روڈ کے ٹینڈر طلب کرنے پر وفاقی حکومت اور ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کا شکریہ ادا

چترال ( محکم الدین ) ویلج کونسل ایون کے ناظم مجیب الرحمن اور عمائدین علاقہ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے گذشتہ روز چترال ایون بمبوریت روڈ کے ٹینڈر طلب کرنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور اس دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنانے پر وفاقی حکومت اور ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اپنے اخباری بیان میں ناظم مجیب الرحمن و دیگر نے کہا ۔ کہ اس سڑک کی تعمیر کو ممکن بنانے کیلئے شہزادہ افتخار الدین نے جس محنت اور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ وہ لائق تحسین و آفرین ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ کالاش ویلی روڈ انتہائی اہمیت کا حامل روڈ ہے ۔ جس کی اہمیت کے پیش نظر ایم این اے چترال نے 2015کے سیلاب کے موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف سے دیگر منصوبوں کے ساتھ اس کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا۔ اور سابق وزیر اعظم نے اس کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ، جو ٹینڈر طلب کرنے کے ساتھ تعمیر کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ۔ مجیب الرحمن نے کہا ۔ کہ اس روڈ کی تکمیل سے علاقے کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ اور علاقے کے عوام جو آمدورفت کی مشکلات سے دوچار تھے ۔ اُن کو نجات مل جائے گی ۔ اور پوری دُنیا کے لوگوں کیلئے کالاش وادیوں تک رسائی انتہائی آسان ہو جائے گی ۔جبکہ سیاحوں کو قدیم ترین کالاش تہذیب و ثقافت سے روشناس ہونے اور کا لاش وادیوں کی سیرو تفریح کے مواقع ہاتھ آئیں گے ۔ جس کے نتیجے میں ہوٹلنگ اور دیگر کاروبار کو ترقی ملے گی اور لوگ خوشحال ہوں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ شہزادہ افتخار الدین نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر چترال کے انتہائی میگا پراجیکٹس مکمل کروا ئے ، جن میں لواری ٹنل کی تکمیل ، گولین ہائیڈل پاور سٹیشن سے چترال کو بجلی دینے کیلئے 35 میگاواٹ کی سپیشل گرڈ اسٹیشن کی تنصیب ، گرم چشمہ روڈ اور ایون کالاش روڈ خصوصی طورپر قابل ذکر ہیں ۔ جبکہ گیس ڈپو کی تنصیب کیلئے زمین کی خریداری تقریبا ہو چکی ہے ۔ جس کے بعد یوسی ایون اور بروز کو گیس کی سہولت بھی مہیا ہو گی ۔ اور علاقے کا یہ اہم مسئلہ بھی حل ہو جائے گا ۔ انہوں نے ان تمام امور کی انجام دہی پر ایم این اے چترال شہزادہ افتخار الدین کو خراج تحسین پیش کیا ۔

Facebook Comments