شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / پانی دو۔۔۔ ووٹ لو، سنگور کے علاقے میں پینے کا پانی میسر نہیں، ووٹ کس لئے دیں؟/ لیلیٰ زبیری

پانی دو۔۔۔ ووٹ لو، سنگور کے علاقے میں پینے کا پانی میسر نہیں، ووٹ کس لئے دیں؟/ لیلیٰ زبیری

چترال(گل حماد فاروقی) ویلیج کونسل بلچ، سینگور کے خاتون کونسلر لیلیٰ زبیری نے متنبہ کیا ہے کہ جب تک ان کے گاؤں والوں کو پینے کا پانی نہیں ملتا اس کے حلقے کے لوگ آنے والے انتخابات سے بائیکاٹ کریں گے۔ہمارے نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے خاتون کونسلر نے کہا کہ گاؤں بلچ، سینگور، شاہ میراندہ، لوٹ دیہ، میراندہ وغیرہ پچھلے ایک سال سے پانی سے محروم ہیں ۔ان میں بعض جگہ تھوڑا بہت پانی تو آتا ہے مگر شاہ میراندہ میں ایک سال سے ایک قطرہ پانی بھی میسر نہیں اور یہاں کے لوگ کوٹی گول کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں ۔ حال ہی میں شاہ میراندہ کے بیسیوں لوگوں کو ہیضہ ہوا اور وہ ہسپتال گئے جہاں پتہ چلا کہ انہوں نے گندہ پانی پیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے انکشاف کیا کہ کوٹی گول کے جس تالاب سے یہ لوگ پانی پیتے ہیں وہاں کتا مرا ہوا پڑا تھا جس کی وجہ سے پورے علاقے میں ہیضے کی وباء پھیل گئی۔ لیلیٰ زبیری نے افسوس اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اجلاس میں بلاکر خانہ پوری تو کیجاتی ہے مگر ترقیاتی کاموں کیلئے ان کو کوئی فنڈ نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں پینے کی پائپ لائن کا جو حشر ہے وہ شرمناک ہے۔ مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک ہزار سے دو ہزار فٹ تک لمبا پائپ خرید کر پانی لایا ہے اور جہاں سے یہ پائپ گزرتے ہیں وہاں سے گندہ پانی بھی گزرتا ہے اور اکثر اوقات گندہ پانی پینے کے پائپ لائن میں آجاتا ہے جس سے بیماریاں پھلتی ہیں۔
لیلیٰ زبیری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ جب بتیس کروڑ روپے کی لاگت سے گولین گول واٹر سپلائی سکیم مکمل ہورہا تھا تو ہمیں یہ بتایا گیا تھا کہ انگار غون کا پانی جو دریا سے اُس پار جاتا ہے چیو پل میں وال لگاکر بندکیا جائے گاے اور انگارغون کا پانی دریائے کے اس پار لوگوں کیلئے کافی ہو گا مگر لگتا یہ ہے کہ یا تو وہ پایپ لائن ناکام ہے یا اس میں پانی کم آتا ہے کیونکہ اب بھی انگار غون کا پانی دریا کے اُس پار علاقوں میں فراہم کی جاتی ہے۔
خاتون کونسلر نے نگراں وزیر اعلیٰ چیف جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈپٹی کمشنر چترال سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں تحقیقات کرائیں کہ شاہ میران دہ ، سینگور، بلچ وغیرہ میں ایک سال سے پانی میسر کیوں نہیں اور لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ جس تالاب سے انسانوں کے علاوہ جانور بھی کھلم کھلا پانی پیتے ہیں اور لوگوں کیلئے بیماری کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقے کے لوگوں سے مشاورت کی ہے اور یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ہمیں پینے کا پانی فراہم نہیں کیا جاتا جس کا ہم سے ماہوار بل باقاعدگی سے وصول کیا جاتا ہے اور پانی ایک قطرہ بھی نہیں آتا تب تک ہم الیکشن کا بائیکا ٹ کریں گے اور امیدوار ووٹ مانگنے کیلئے ہمارے علاقے میں آنے کا زحمت نہ کریں۔

Facebook Comments