شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / چترال کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی خودکشی کے واقعات کے بارے میں چترال پریس کلب کے زیر اہتمام ‘مہراکہ’ پروگرام کا انعقاد

چترال کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی خودکشی کے واقعات کے بارے میں چترال پریس کلب کے زیر اہتمام ‘مہراکہ’ پروگرام کا انعقاد

چترال ( نمائندہ چترال  آفئیرز) چترال کے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی  خودکشی کے واقعات کے بارے میں چترال پریس کلب کے زیر اہتمام ‘مہراکہ’ پروگرام میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ان اندوہناک واقعات کی موثر تدارک کے لئے سول سوسائٹی کو متحرک اور فعال بنانے اور اس سے پہلے مکمل پھیلانے اور اس انتہائی قدم کے پیچھے ان محرکات کو سامنے لانے کی ضرورت ہے جوآخر کار اس کا سبب بنتے ہیں۔ چترال یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائرکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری،  آغا خان ایجوکیشن سروس پاکستان کے جنرل منیجر بریگیڈیر (ریٹائرڈ ) خوش محمد خان اور اسی ادارے کے اکیڈیمک کاونسلر جلال الدین شامل نے اپنے مقالہ جات میں چترال کے حوالے سے خودکشی کے سوشل اور نفسیاتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ممکنہ تجاویز بھی پیش کئے ۔ پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے کہاکہ معیشت ، سوشل اسٹیٹس یا عزت نفس اور ذہنی ڈپریشن خود کشی کے تین بنیادی وجوہات ہیں جبکہ چترال میں رونما ہونے والی خودکشیوں کی اکثریت کی وجہ ذہنی ڈپریشن ہی ہے اوراس کے پیچھے کئی محرکات کارفرما ہیں جن میں معاشرے کے تمام افراد کو اپنے اپنے حصے کی کردار ادا نہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین بشریات (anthropologist)کے مطابق معاشرے میں موجود اور رائج روایات سے ہٹ جانے کے نتیجے میں بہت ذیادہ اور سنگین قسم کی برائیاں جنم لیتی ہیں اور یہی حال چترال میں ہے جہاں مستحکم روایات اپنی جگہ سے ہٹ رہے ہیں اور آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ معاشرے کو ہم آہنگ (synchronize)نہ ہونے کی وجہ سے پیچیدہ مسائل جنم لے رہی ہیں۔ پروفیسر بخاری نے کہاکہ سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کی مستقل اور مربوط بنیادوں پر کونسلنگ کا نظام موجود نہیں اور انہیں معاشرے ہم آہنگ بننے میں کوئی ان پٹ نہیں ملتی اور سب سے قابل افسوس بات یہ ہے کہ والدیں اور بچوں میں ایک خلا پیدا ہوگئی ہے اور بچوں کو ضرورت کے مطابق وقت نہیں ملتی جس کے نتیجے میں وہ تنہائی پسند ہوجاتے ہیں جو انہیں منفی ذہنیت کے دلدل میں پہنچادیتا ہے۔  انہوں نے کہاکہ خودکشی کا فیصلہ اچانک انسان کے ذہن میں نہیں آتا بلکہ یہ ایک طویل المدت عمل ہے جس میں متاثرہ شخص کے ذہن میں منفی رجحانات جنم لیتی ہیں اور اس انجام کو پہنچاتے ہیں اور چترال میں نئی اور پرانی نسل کے درمیاں پیدا ہونے والی خلا نے اس منفی سوچ کا بیج کئی سال پہلے بودیا تھااور اب بھی وقت ہے کہ اس کے پودے کو ہم جڑوں سے اکھاڑ پھینک دیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں پسند کے خلاف شادی کے لئے بچوں اور بچیوں کو مجبور کرنا بھی اسی زمرے میں آتا ہے اور کئی ایک نے سمجھوتہ کرنے کی بجائے اپنی زندگی کا ہی خاتمہ کربیٹھے۔ چترال کے حوالے سے انہوں نے مزید کہاکہ معاشرے میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی قوت میں کمی اور افواہ سازی کا بازار گرم کرنااور سوشل میڈیا میں بے سروپا باتوں کا چرچا کرنا بھی منفی رجحانات کو جنم دیتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نمک کے ذیادہ استعمال نے نروس سسٹم کو متاثر کرتی ہے اور چترال میں یہ مسئلہ موجود ہے جہاں نمک کا ضرورت سے ذیادہ استعمال جاری ہے اور اس طرح ہیموگلوبین کی مطلوبہ لیول سے کم پائے جانا بھی طبی وجوہات میں سے ایک وجہ ہے۔ جلال الدین شامل نے اپنے مقالے میں نفسیاتی پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے کہاکہ  جذباتی مسائل کو خودکشیوں کا سب سے بڑا محرک قرار دیا اور کہاکہ وقوعہ کے وقت حالات وواقعات دراصل triggerکا کام دیتے ہیں جبکہ اس منفی سوچ کا عمل بہت پہلے پیدا ہوا تھا اور یہ نفسیاتی پہلو کو معاشرتی پہلو سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ڈپریشن کی سب سے بڑی وجہ مایوسی کی اندونی کیفیت ہے جوکہ دماغ پہ چھاجاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں اس منفی رجحان کو کم کرنے کے سلسلے میں رات کو وقت پہ سونے ، صبح باقاعدہ ورزش کرنے، متوازن عذا کے استعمال اور معاشرے میں افراد کے درمیان بہتر تعلق قائم رکھنے کو ضروری قرار دیا جن سے ڈپریشن پر قابوپایاجاسکے گا۔ درسگاہوں کے کردار کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ  سوچ کی تبدیلی میں دنیا کو نئی زاوئیے سے دیکھنے کے قابل بنانے ، معاشرے میں صرف چند ایک پیشوں کو قابل عزت قرار دینے سے گریز کرنے پر زور دیا کیونکہ جب ایک بچہ کسی خاص پیشے کی طرف میلان رکھنے کے باوجود اسے اختیار نہ کرنے پر ڈپریشن میں مبتلا ہوجاتا ہے اور والدین کا بچوں کے ساتھ بے جا توقعات وابستہ کرنے کو بھی ڈپریشن کا ذمہ دار دیا جبکہ گھر کے اندر والدین کا بچوں کے ساتھ روایتی اندازمیں سلوک کی بجائے اور دوستانہ انداز اختیار کرنے پر زور دیا۔

Facebook Comments