چترال (نمائندہ چترال آفئیرز) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن دروش کے وجود میں آنے کے بعد دروش سے تعلق رکھنے والے ارکان تحصیل کونسل کے اعزازمیں تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس اور ٹی ایم او قادر ناصر کی طرف سے ظہرانہ دیا گیا جس میں ضلع ناظم مغفرت شاہ، نائب ضلع ناظم مولانا عبدالشکور اور دوسروں نے شرکت کی۔ مولانا محمد الیاس نے اس موقع پرچترال تحصیل کونسل سے جدا ہونے والے ارکان کی قابلیت، ذمہ دارانہ رویہ، شرافت اور حسن سلوک پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہاؤس میں ان کی کمی کا شدید احساس موجود رہے گا ۔ انہو ں نے اس اُمید کا اظہار کیاکہ وہ دروش میں نوزائیدہ تحصیل کونسل اور ٹی ایم اے کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے اور عوام کو ذیادہ سے ذیادہ ان کی دہلیز پر مہیاکرنے میں اپنی صلاحیت اور توانائی کا بھر پور استعمال کریں گے۔ دریں ا ثنا ء دروش ٹی ایم اے نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے جس کے لئے مصباح الدین کو ٹی ایم او مقرر کیا گیا ہے جبکہ تحصیل نظامت کی اضافی ذمہ داریاں مولانا الیاس ہی انجام دیتے رہیں گے۔