شہ سرخیاں
Home / تازہ ترین / اے کے آر ایس پی واش پراجیکٹ کا وزیر اعظم پاکستان کی صفائی مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کے ساتھ آگاہی پروگرام کا آغاز

اے کے آر ایس پی واش پراجیکٹ کا وزیر اعظم پاکستان کی صفائی مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کے ساتھ آگاہی پروگرام کا آغاز

چترال(نمائندہ چترال )وزیر اعظم پاکستان حال ہی میں 12اکتوبر 2018صاف پاکستان مہم پورے ملک میں آغاز کرنے کا اعلان کیا تاکہ وطنِ عزیز کو صاف اور خوبصورت ممالک کے صف میں شامل کرسکیں۔ اس سلسلے میں ماحولیاتی تبدیلی کی وزرات کے وزیر ملک امین اسلم نے ملک بھر کے غیر سرکاری اور سرکاری اداروں کے سربراہان کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد کر تے ہوئے ملک بھر میں صفائی سے متعلق اگاہی کے پروگرام شروع کرنے کے ہدایات جاری کئے ہیں۔

AKRSP-واش پراجیکٹ گزشتہ دوسالوں سے سب ڈویژن مستوج کے منتخب یونین کونسلز جن میں یو۔سی چرون، موڑکہو ، یو۔سی کوشٹ، لاسپور اور مستوج کے تین دیہات میں عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی ، عوام میں صفائی سے متعلق آگاہی صفائی کے منصوبوں اور رویوں میں تبدیلی کے سرگرمیوں پر کام کر رہا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی صفائی مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کے ساتھ آگاہی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا پروگرام یو۔سی کوشٹ کے دورافتادہ ویلج کونسل درنگاغ کوشٹ میں 12اکتو بر کو منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام محکمہ ایجوکشن کے اشتراک سے کیا گیا۔ صاف پاکستان مہم کے حوالے سے یہ پروگرام گورنمنٹ پرائمری سکول درنگاغ کوشت میں منعقد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی عنایت اللہ اسسٹنٹ کمشنر مستوج تھے۔ تقریب میں لوکل گورنمنٹ ، دیہی تنظیمات کے نمایندگان، کونسلرز ، علماء ، سرکاری افسران ، معززین علاقہ اور سکول کے طلباء ،مشہور پولو ،فٹ بال کے کھلاڑی اور عوام کی کثیر تعدادنے شرکت کیں۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیاگیا۔طلباء نے نعت شریف کی سعادت حاصل کیں۔ جس کے بعد علماء نے اسلامی تناظر میں صفائی کی اہمیت اور عوام کی فرائض پر روشنی ڈالی۔جس کے بعد ویلج کونسل کے ناظم، مقامی حکومت کے نمایندگان اور معززین علاقہ نے صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقے اور ملک کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور صفائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکن کوشش بروئے کار لائیں گے تاکہ ہمارا معاشرہ اور ہمارا ملک باوقار ملکوں کے صف میں شامل ہوسکے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر مستوج عنایت اللہ نے خطاب کر تے ہوئے صفائی کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی ، اپنے زندگیوں میں صفائی کو یقینی بنانے اور اپنے ماحول کو صاف ستھر ا رکھنے پر زور دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس سلسلے میں حکومتی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شرکاء کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے اور ان کے دروازے عوام کو تعاون فراہم کرنے کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔ اوراُنہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ اُنہوں نے اس سلسلے میں گاؤں گاؤں دوروں کا پروگرام AKRSPواش پراجیکٹ کے اشتراک سے مرتب کیا ہے تاکہ وہ صاف پاکستان مہم کے پروگرام کو گھر گھر پہنچاسکے اور عوام کے اشتراک سے اس نیک کام کو احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔ تقریب کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا اور علاقے سے کوڑاکرکٹ جمع کر کے تلف کر دیا گیا۔ اور عوام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں صفائی مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں گے۔اختتامی خطاب میں کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کرنے پر حسین احمد پراجیکٹ منیجر AKRSP واش نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔ اور تقریب کو بتایا کہ اس سلسلے کا اگلا پروگرام 13اکتوبر کو سنوغر میں 15اکتوبر 2018 کو گورنمنٹ ہائی سکول سندراغ کوشٹ میں منعقد کیا جائے گا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور طریقے میں ان پروگراموں میں شرکت کریں صاف پاکستان مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچا کر اپنا فرض ادا کریں اور وطنِ عزیز سے محبت کا ثبوت دیں۔

 

Facebook Comments