شہ سرخیاں
Home / پاکستان / بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر برداشت نہیں ٗ محمود خان

بی آر ٹی منصوبے میں مزید تاخیر برداشت نہیں ٗ محمود خان

پشاور۔ (   نمائندہ چترال آفیئرز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خبردار کیا ہے کہ زیر تعمیر پشاور بس ریپڈٹرانزٹ منصوبے کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ، پہلے سے متفقہ ٹائم لائن اگلے سال تک منصوبہ ہر حال میں مکمل ہونا چاہئے ۔تعمیراتی کام کے معیار اور بروقت تکمیل میں رکاوٹیں ڈالنے پر متعلقہ سرکاری محکموں یا ٹھیکیداروں کا سخت مواخذہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں بس رپیڈ ٹرانزٹ منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر تیمور سلیم خان جھگڑا، صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، ایس ایس یو کے سربراہ صاحبزادہ سعید، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ محمد اسرار ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، کمشنر پشاور شہاب علی شاہ، ٹرانس پشاور کمپنی اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام ، کنسلٹنٹس اور ٹھیکیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بی آر ٹی کے تینوں ریچز میں کوریڈور سمیت دیگر فیچرز پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بی آر ٹی کے مختلف حصوں اور مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے ٹائم لائن پر پہلے سے اتفاق ہو چکا ہے ۔مذکورہ ٹائم لائن میں مزید توسیع کی قطعاً گنجائش نہیں،پشاور کے عوام کو بڑی تکالیف کا سامنا ہے اسلئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنا کر عوام کو ریلیف دینا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر مذکورہ ڈیڈ لائن کے اندر منصوبہ مکمل نہیں ہوتا تو وہ متعلقہ سرکاری حکام کے خلاف سخت کاروائی کرنے جبکہ کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرنے پر مجبور ہوں گے انکی حکومت عوام کہ فلاح پر سمجھوتہ نہیں کرے گی،انہوں نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ، انہوں نے اس سلسلے میں مختلف مانیٹرنگ اور نگرانی کی مختلف ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے شیلٹر ہومز کیلئے پشاور میں پہلے سے دستیاب مراکز میں چار دسمبر 2018تک تمام ضروریات و سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور عندیہ دیا ہے کہ مذکورہ شیلٹر ہومز کا دس دسمبر سے پہلے با ضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔افتتاح کیلئے وزیر اعظم عمران خان کو مدعو کریں گے ، عمران خان مذکورہ دورہ کے دوران حیات آباد میں صوبائی حکومت کے تیار کردہ برن سنٹر کا افتتاح بھی کریں گے، وزیر اعلیٰ نے پشاور میں تین نئے شیلٹر ہومز کے قیام کیلئے سمری بھی جلد بھیجنے کی ہدایت کی۔
وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں شیلٹر ہومز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ، سیکرٹری سوشل ویلی، سیکرٹری اوقاف اور کمشنر پشاور نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے پشاور میں شیلٹر ہومز کیلئے پہلے سے دستیاب چار مراکز میں 4 دسمبر تک تمام ضروریات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
مذکورہ مراکز میں 430 کے قریب بے گھر افراد کو رات کے قیام کی سہولت دینے کی گنجائش ہو گی۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ مذکورہ مراکز کو 10 دسمبر سے پہلے بے گھر افراد کیلئے کھول دیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے بے گھر افراد کی سہولت کیلئے پشاور کے گنجان آباد علاقوں میں 3 بسیں چلانے کی بھی منظوری دی۔مذکورہ بسیں مسافروں اور دیگر بے گھر افراد کو رات کے قیام کیلئے فقیر آباد اور پجگی روڈ پر واقع شیلٹر ہومز میں لے جانے کیلئے استعمال کی جائیں گی۔

Facebook Comments